کیجریوال دہلی کےمعمر شہریوں کو رام للا کا مفت درشن کرائيں گے

نئی دہلی، اکتوبر۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کے روز کہا کہ اجودھیا کو مکھیہ منتری تیرتھ یاترا’ اسکیم میں شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت اب وہ تمام معمر شہریوں کو مفت میں رام للا کا درشن کرائیں گے۔مسٹر کیجریوال کی صدارت میں دہلی سکریٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ میں کابینہ نے مکھیہ منتری تیرتھ یاترا’ اسکیم کے تحت رام للا کے درشن کے لیے بزرگوں کو اجودھیا لے جانے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس اہم فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ہم نے مکھیہ منتری تیرتھ یاترا’ اسکیم کا دائرہ بڑھایا ہے اور اب اس میں اجودھیا کو بھی شامل کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت رام للا کی زیارت کے لیے بزرگوں کو اجودھیا لے جانے کا سارا خرچ دہلی حکومت برداشت کرے گی۔ اب تک ہم 35 ہزار لوگوں کو مختلف زیارت گاہوں کی سیر کر اچکے ہیں۔ میری کوشش ہے کہ ایک طرح سے تمام بزرگوں کا شرون کمار بن کر ان کو رام للا کا درشن کرا دوں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ اسکیم گزشتہ ڈیڑھ سال سے بند تھی لیکن اب کورونا وائرس کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں درشن کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا جائے۔ اس لیے ہر کوئی تیرتھ یاترا کے لیے رجسٹریشن کرسکتا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے دہلی کے تمام لوگوں کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے کہ اجودھیا کو بھی دہلی کی مکھیہ منتری تیرتھ یاترا اسکیم میں شامل کیا جائے ۔ اب تک اس اسکیم میں جگن ناتھ پوری، اجین، شرڈی، امرتسر، جموں، دوارکا، تروپتی، رامیشورم، ہریدوار، متھرا اور بودھ گیا کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اب اس میں اجودھیا کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں مکھیہ منتری تیرتھ یاترا یوجنا کے تحت دہلی کے بزرگوں کی یاترا کا سارا خرچ دہلی حکومت برداشت کرتی ہے۔ دہلی حکومت کھانے اور گھر سے زیارت گاہ تک مقامی سفر کا سارا خرچ برداشت کرتی ہے، AC ٹرین سےسفر کی سہولت دیتی ہے، وہاں اچھے AC ہوٹل میں قیام کراتی ہے۔ اگر کوئي بزرگ اپنے خاندان کے کسی فرد کو اپنی مدد کے لیے لے جانا چاہتے ہیں تو اس کا سارا خرچ دہلی حکومت برداشت کرتی ہے۔دہلی حکومت نے 9 جنوری 2018 کو مکھیہ منتری تیرتھ یاترا’ یوجنا شروع کی تھی، جس کا مقصد بزرگ لوگوں کو ہندوستان کے مشہور زیارت گاہوں تک مفت سفری سہولت فراہم کرنا تھا۔ اس اسکیم کے تحت دہلی کے بزرگوں کو کئی تیرتھ مقامات کی مفت زیارت کرائی جاتی ہے اور سفر کا سارا خرچ دہلی حکومت برداشت کرتی ہے۔دہلی میں رہنے والے تمام بزرگ مکھیہ منتری تیرتھ یاترا’ اسکیم کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اہل لوگوں کو اس کے لیے آن لائن درخواست دینی ہوگی۔ یہ درخواست ڈویژنل کمشنر کے دفتر، علاقائی قانون ساز کے دفتر یا تیرتھ کمیٹی کے دفتر پر جا کر بھی دی جا سکتی ہے۔ اہل درخواست دہندگان کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جاتا ہے اور علاقائی ایم ایل اے ایک سرٹیفکیٹ دیتے ہیں کہ وہ شخص دہلی کا باشندہ ہے۔

Related Articles