کھڑگے نے وزیر اعظم کے لیے جس طرح کی زبان استعمال کی ہے وہ قابل مذمت :بی جے پی
نئی دہلی، نومبر۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیر اعظم نریندر مودی کو راون کہنے پر کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے پر سخت جوابی حملہ کیا اور کہا کہ مسٹر کھڑگے محترمہ سونیا گاندھی اور مسٹر راہل گاندھی کی زبان بول رہے ہیں اور انہیں گجرات کے عوام سے اس کا جواب ملے گا۔یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے جس طرح کی زبان استعمال کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ کانگریس صدر نے وزیر اعظم مودی کو راون کہا ہے۔ ملک کے وزیر اعظم کے لیے اس قسم کی گالی گلوج مناسب نہیں۔ ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ مسٹر مودی گجرات کے بیٹے ہیں۔ وہ پوری دنیا میں گجرات کا فخر ہیں۔ گجرات کے بیٹے کے لیے ایسی زبان استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ قابل مذمت ہے اور کانگریس کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ مسٹر مودی نے ملک کے مفاد میں بہت سے کام کئے ہیں۔ وہ ہندوستان کو ترقی کی راہ پر لے جارہے ہیں۔ گجرات کی مٹی کو سلام، جس نے ایسا بیٹا دیا، جو ہندوستان کے غریبوں کو آگے لے جانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہیں راون کہنا صرف مسٹر مودی کی توہین نہیں ہے، یہ ہر گجراتی اور پورے گجرات کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لیڈر اپنی لسانی مریادا کو بھول چکے ہیں۔ یہ لوگ مسٹر مودی کے کاموں سے حیران اور پریشان ہو کر انہیں گھٹیا القابات سے نواز رہے ہیں۔ جب محترمہ سونیا گاندھی نے مسٹر مودی کو موت کا سوداگر کہا تو ان کے دیگر لیڈروں نے وزیر اعظم مودی کو ظالم، بندر، راکشس تک کہا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کانگریس کے نئے صدر نے وزیر اعظم مسٹر مودی کے تعلق سے جو بیان دیا ہے وہ محترمہ سونیا گاندھی اور مسٹر راہل گاندھی کا بیان ہے۔ سب سے پہلے محترمہ سونیا گاندھی نے مسٹر مودی کو موت کا سوداگر کہا تھا جس کا نتیجہ سب نے دیکھا۔ اب کانگریس کو مسٹر کھڑگے کے بیان کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ اس کا جواب گجرات کے عوام ضرور دیں گے۔ ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں آج ہندوستان دنیا کی مضبوط ترین معیشتوں کی فہرست میں 11ویں مقام سے 5ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ مسٹر مودی نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کر کے نہ صرف پاکستان کو بلکہ دہشت گردی کو اس کی اوکات بھی دکھائی ہے۔