کمل ناتھ کا حکومت سے سوال، ریاست میں اورکہاں کہاں اومیکرون کی تصدیق ہوئی
بھوپال، دسمبر۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے اندور میں اومیکرون کے آٹھ مریضوں کے سامنے آںے کے بعد اس معاملے میں حکومت پر لاپرواہی برتنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ حکومت کو بتاناچاہیے کہ ریاست کے اورکن کن شہروں میں اومیکرون کے معاملے سامنے آچکے ہیں۔آج دوپہرریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے بتایا کہ اندور میں اومیکرون ویرینٹ کے آٹھ معاملے سامنے آئے ہیں، جن میں سے چھ کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے اور دو کا علاج چل رہا ہے۔ اس انکشاف کے بعد جناب کمل ناتھ نے اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ اندور میں اومیکرون کی تصدیق بہت سنگین معاملہ ہے۔ ابھی تک ریاست میں اس قسم کا صرف خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، احتیاط کی بات کی جا رہی تھی اور اب آج 8 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ حکومت بتائے کہ اتنی سنگین بات کو اب تک چھپایاکیوں گیا۔ ان مریضوں کے سیمپل ٹیسٹ کے لئے کب بھیجے گئے اوررپورٹ میں اومیکرون کی تصدیق کب ہوئی نیز حکومت نے اب تک اس کا انکشاف کیوں نہیں کیا۔سابق وزیر اعلیٰ نے اس معاملے میں مزید کہا کہ کل خود وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اندور میں بھیڑ بھرے پروگراموں میں شرکت کی۔ جب اندور میں اومیکرون کے 8 مریض سامنے آچکے تھے توپھر وزیر اعلیٰ نے اپنے اندور کے ان پروگراموں کو منسوخ کر کے ورچوئل طریقے سے کیوں نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹرچوہان کل اندور میں صحت خدمات کا جائزہ لینے والے تھے۔ علاج، آکسیجن اور جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا جانا تھا لیکن وہ پرہجوم تقریب میں شامل رہے۔