کلکتہ کارپوریشن انتخابات:کلکتہ ہائی کورٹ نے تمام پولنگ بوتھوں پر سی سی ٹی وی لگانے کی ہدایت دی

کلکتہ،دسمبر ۔کلکتہ ہائی کورٹ نے کلکتہ کارپوریشن کے انتخابات میں تمام پولنگ بوتھوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کی ہدایت دی ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی قیادت والی ڈویژن بنچ نے ریاستی الیکشن کمیشن کوتمام بوتھوں کے علاوہ اسٹرانگ روم میں بھی سی سی ٹی وی لگانے کی ہدایت دی ہے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے کل جماعتی میٹنگ میں کہا تھا کہ 25 سے 30 فیصد بوتھس پر ویڈیو گرافی اور سی سی ٹی وی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم کمیشن کے وکیل نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ اگر عدالت چاہے تو کمیشن تمام بوتھوں میں سی سی ٹی وی لگانے کے لیے تیار ہے۔ ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل سومیندر ناتھ مکھرجی نے کہا کہ انہیں کمیشن کے فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔۔چیف جسٹس پرکاش سریواستو اور جسٹس راج شری بھردواج کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ کلکتہ میونسپل انتخابات میں کل 4842 پولنگ اسٹیشن ہیں۔کلکتہ ہائی کورٹ نے 365اضافی پولنگ بوتھ بنانے کی ہدایت دی ہے۔تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سٹرانگ روم میں سی سی ٹی وی لانے کی ہدایت دی۔اسمبلی انتخابات میں چورنگی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار دیو دت ماجھی نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ تمام بوتھوں پر سی سی ٹی وی نصب کیا جائے۔انہوں نے دلیل میں کہا تھا کہ اپریل اور مئی ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات ہورئے تھے۔ایسے حالات میں پولنگ بوتھوں پر سی سی ٹی وی کانصب ہونا ضروری ہے۔مدعی کے وکیل شببرت چودھری نے کہا، ”عدالت نے ہماری درخواست کو قبول کرتے ہوئے تمام بوتھوں میں سی سی ٹی وی لگانے کی ہدایت کی ہے۔ اگر ووٹنگ کے دوران کوئی گڑبڑ ہوتی ہے تو ہم ان سی سی ٹی وی فوٹیج کو بطور ثبوت لا کر عدالت کو دکھا سکتے ہیں۔

Related Articles