کشی نگر:بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کا مطالبہ
کشی نگر:اگست۔اترپردیش کے ضلع کشی نگر سے بین الاقوامی پرواز شروع کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔اس سلسلے میں مقامی ایم پی وجئے کمار دوبے نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کر کے سیاحت کو فروغ دینے کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی پرواز شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔مقامی ایم پی نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ کشی نگر بھگوان بدھ کی سرزمین ہے اور بدھ سرکٹ ائیر بھی۔ اکتوبر سے مارچ تک لاکھوں کی تعداد میں بیرون ملکی سیاح یہاں آتے ہیں۔ساتھ ہی دیوریا و مہاراج گنج و آس پاس کے لوگوں کو خلیج ممالک جانے کے لئے دہلی ۔ ممبئی سے بین الاقوامی پرواز وں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔انہوں نے کشی نگر بین الاقوامی ائیر پورٹ سے اکتوبر ماہ سے تھائی لینڈ اور ایک فلائٹ جدہ کے لئے شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ضلع میں بین الاقوامی ائیر پورٹ کا آغاز ہونے کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے سیاحوں کا آمدورفت کا آغاز ہواتھا لیکن کشی نگر کے لئے صرف ایک اسپائس جیٹ فلائٹ آتی ہے۔کشی نگر کےلئے دیگر ائیرلائنس جیسے انڈیگو،وستارا، گوائیر کی فلائٹ کی سروس بھی شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ممبئی، جموں، گجرات جیسے ریاستوں کے معروف شہروں کے لئے بھی فلائٹ شروع کرنے کامطالبہ کیا۔