کشمیر میں سیکورٹی کا نظام تہس نہس ہے: عمر عبداللہ
سری نگر، دسمبر۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ کشمیر کے موجودہ حالات سے تمام لوگ پریشان ہیں اور یہاں سیکورٹی کا نظام تہس نہس ہے۔انہوں نے کہا کہ سیول انتظامیہ کا بھی لوگوں کے ساتھ رابطہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں جب الیکشن کا بگل بجے گا اس وقت ہم الیکشن کی بات کریں گے فی الوقت ہم اپنے ورکروں کے ساتھ مل کر پارٹی کے معاملات کے بارے میں بات کرتے ہیں۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹی آر سی میں پارٹی ورکروں سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’یہ انتخابات کی تیاریاں نہیں ہیں جب الیکشن کا بگل بجے گا تب ہم الیکشن کی بات کریں گے‘۔ان کا کہنا تھا: ’فی الوقت ہم پارٹی ورکروں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں اور اور یہ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پارٹی میں کیا کمزوریاں اور خامیاں ہیں تاکہ ان کو درست کیا جا سکے‘۔ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا: ’کشمیر کے موجودہ حالات میں ہم سب پریشان ہیں یہاں سیکورٹی کا نظام تہس نہس ہے اور سیول انتظامیہ کا بھی لوگوں کے ساتھ رابطہ نہ ہونے کے برابر ہے‘۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور لوگوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔