کشمیریوں کی نسل کشی کا مطالبہ کرنے والے بی جے پی لیڈر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں: محبوبہ مفتی
سری نگر، نومبر۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے طلبا کو جیتنے والی ٹیم کے لئے تالیاں بجانے کے الزام میں گرفتار کیا جا رہا ہے لیکن کشمیریوں کی نسل کشی کا مطالبہ کرنے والے بی جے پی لیڈر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔بتادیں کہ بی جے پی لیڈر وکرم سنگھ رندھاوا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں انہیں ’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان (کشمیری طلبا) کی ڈگریاں اور ان کی شہریت کو منسوخ کیا جانا چاہئے اور ان کی کھال ادھیڑ دی جانی چاہئے‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔محبوبہ مفتی نے اس متنازع بیان کے رد عمل میں پیر کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشمیریوں کی نسل کشی اور ان کی کھال ادھیڑنے کا مطالبہ کرنے والے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی لیکن جموں وکشمیر کے طلبا کے خلاف جیتنے والی ٹیم کے لئے تالیاں بجانے پر بغاوت کا مقدمہ عائد کر دیا جاتا ہے، بھارت یقیناً جمہوریتوں کی ماں ہے‘۔