کرناٹک کانگریس کے ورکنگ صدر دھرو نارائن کا انتقال

میسور، مارچ ۔کرناٹک کانگریس کے ورکنگ صدر اور سابق ایم پی آر دھروونارائن کا ہفتہ کی صبح انتقال ہوگیا۔مسٹردھرو نارائن کی عمر 61 سال تھی۔ سینے میں درد کی شکایت کے بعد انہیں صبح 6.40 بجے کے قریب ان کے ڈرائیور کے ذریعہ ڈی آر ایم ایس ہسپتال لایا گیا۔ انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ڈاکٹر منجوناتھ نے یہاں میڈیا کو بتایا، ’’آر دھرو نارائن کا انتقال ہو گیا ہے۔ سینے میں درد کی شکایت کے بعد ان کے ڈرائیورنے انہیں صبح 6.40 بجے ہسپتال پہنچایا، لیکن انہیں بچایا نہیں جاسکا۔کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج سومپا بومئی نے ٹویٹر پر لکھا، مسٹر دھرو نارائن، سابق رکن پارلیمنٹ اور کرناٹک کانگریس کے ورکنگ صدر کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے اور خدا ان کے مداحوں اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ اوم شانتی۔سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ مسٹر دھروانارائن کے انتقال سے انہیں گہرا صدمہ اوردکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا جانا ریاست کی سیاست کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے کہا، ’’سابق ایم پی آر دھرو نارائن کی ناگہانی موت سے غمزدہ ہوں۔ ایک محنتی اور عاجززمینی رہنما، وہ سماجی انصاف کے چیمپیئن تھے، جواین ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کے رینکوں کے ذریعہ آگے بڑھے۔ ان کی موت کانگریس پارٹی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ پسماندگان سے میری تعزیت۔ایک اور کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا، “کے پی سی سی کے ورکنگ صدر آر کے دھرو نارائن جی کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ انہیں کانگریس کے اچھے اور برے وقتوں میں ان کی وابستگی اور پارلیمنٹ میں ان کی شاندار مدت کے لئے یاد رکھا جائے گا۔غم کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور خیر خواہوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، مسٹروینوگوپال نے کہا کہ مسٹر دھرو نارائن ہمیشہ عام لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے اور اپنی زندگی غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کردی۔انہوں نے کہا، وہ (دھرو نارائن) ایک قابل اعتماد اور محنتی ساتھی تھے اور ان کے جانے سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پر کرنا مشکل ہو گا۔

Related Articles