چندرشیکھرراو کو وزیراعلی بننے سے روکنے ہر ممکن سیاسی اقدام کیاجائے گا:شرمیلا

حیدرآباد،مارچ۔وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی بانی وصدر وائی ایس شرمیلا نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی،کے چندرشیکھرراو کو تلنگانہ کا وزیراعلی بننے سے روکنے کیلئے سیاسی طورپر ہر ممکن اقدام کرے گی۔انہوں نے ایک تلگو نیوزچینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ریاست کے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی تمام حلقوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔ریاستی اسمبلی کے انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ انصاف کے ساتھ ریاست کے عوام کی خدمت کے ذریعہ اپنے والد وائی ایس راج شیکھرریڈی کی وراثت کو برقراررکھنے کا عہد کرتی ہیں۔انہوں نے وزیراعلی چندرشیکھرراو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے چلائی گئی تحریک کے دوران کئے گئے وعدوں سے وزیراعلی نے انحراف کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کے والد و متحدہ آندھراپردیش کے وزیراعلی وائی ایس راج شیکھرریڈی کی فلاحی اسکیمات پر مناسب طورپر عمل کرنے میں ریاستی حکومت کی ناکامی کے سبب ہی انہوں نے سیاسی جماعت کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے ان کے تلنگانہ سے تعلق نہ ہونے سے متعلق الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے دعوی کو منصفانہ قراردیا اور اس خصوص میں کئی مثالیں بھی پیش کیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلی نے کالیشورم پراجکٹ کے فنڈس کا غلط استعمال کیا ہے۔انہوں نے ان کی پارٹی کے بی جے پی کے بی ٹیم ہونے کے الزام کو بھی مسترد کردیا۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی وہ کام کرے گی جو کانگریس یا بی جے پی نہیں کرسکے۔

Related Articles