چار ریاستوں میں کھلا کمل، پنجاب میں جھاڑو

نئی دہلی۔ مارچ۔پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اتر پردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں اقتدار میں واپسی کرتی نظر آرہی ہے، ج کہ عام آدمی پارٹی(اے اے پی) پنجاب میں بھاری اکثریت سے حکومت بناتی نظر آرہی ہے۔اتر پردیش کی 403 ، پنجاب کی 117، اتراکھنڈ کی 70، منی پور کی 60 اور گوا کی 40 اسمبلی سیٹوں پر جاری ووٹوں کی گنتی میں گوا کی 10، منی پور کی 9 اور پنجاب کی 25 سیٹوں کے نتائج کا اعلان دوپہر ڈھائی بجے تک کیا جا چکا ہے جبکہ اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں ایک بھی سیٹ کا نتیجہ نہیں آیا ہے۔ دوپہر 2.30 بجے تک کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کو منی پور اور گوا کے علاوہ اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اتر پردیش کی 403 سیٹوں میں سے بی جے پی 245، ایس پی 121 اور اپنا دل 11 سیٹوں پر آگے ہے۔ اس کے علاوہ بعض دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی آگے ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور شہر سیٹ پر اپنے قریبی حریف سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے امیدوار سے 44 ہزار ووٹوں سے آگے ہیں اور کرہل سیٹ پر ایس پی کےقومی صدر اکھلیش یادو 42 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے آگے ہیں۔ بندیل کھنڈ ریاست کے سات اضلاع کی تمام 17 سیٹوں پر بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار سبقت قائم کیے ہوئے ہیں۔پنجاب میں تمام 117 سیٹوں کے رجحانات میں عام آدمی پارٹی 91، کانگریس 19، شرومنی اکالی دل تین اور بی جے پی دو سیٹوں پر آگے ہے۔ وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی چمکور صاحب سیٹ سے پیچھے چل رہے ہیں اور پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو بھی امرتسر مشرقی سیٹ پر عام آدمی پارٹی کی جیون جوت کور سے پیچھے ہیں، سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ پٹیالہ سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار اجیت پال سنگھ کوہلی اور سابق وزیر اعلیٰ اور شرومنی اکالی دل کےامیدوار پرکاش سنگھ بادل لمبی سیٹ سے اے اے پی کے امیدوار گرمیت سنگھ کھودیاں سے پچھڑ چکےہیں۔اتراکھنڈ میں تمام 70 سیٹوں کے رجحانات میں بی جے پی 48، کانگریس 18 پر سبقت بنائے ہوئے ہے۔ اس ریاست میں بہوجن سماج پارٹی دو سیٹوں پر آگے ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کھٹیما سیٹ سے تقریباً 6000 ووٹوں سے پیچھے ہیں اور کانگریس امیدوار اور سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت لال کواں سیٹ سے 16000 ووٹوں سے پیچھے چل رہے ہیں۔گوا میں 40 سیٹوں میں سے بی جے پی کو 20، کانگریس کو 11، عام آدمی پارٹی اور مہاراشٹر وادی گومانتک پارٹی کو دو دو، آزاد امیدواروں کو تین، گوا فارورڈ پارٹی اور ریولوشنری گوون پارٹی کو ایک ایک سیٹ ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ پرمود ساونت کو سنکلیم سیٹ سے 386 ووٹوں کے فرق سے فاتح قرار دیا گیا ہے۔منی پور کی 60 سیٹوں میں سے 45 کے رجحانات پائے گئے ہیں، جن میں سے بی جے پی 20، کانگریس چار، ناگا پیپلس فرنٹ پانچ، جنتا دل یونائیٹڈ اور نیشنل پیپلس پارٹی چھ سیٹوں پر آگے ہے۔ ریاستی اسمبلی انتخابات کے پہلے نتیجے کا اعلان کیا گیا ہے اور نتیجہ جنتا دل یو کے حق میں گیا ہے اور اس کے امیدوار نگورسنگلور سناتے نے بی جے پی کے سی ایل یمو کو 1249 ووٹوں کے فرق سے شکست دی ہے۔ بی جے پی کے رہنما اور ریاست کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ ہینگانگ سیٹ سے تقریباً 16000 ووٹوں سے سبقت قائم کیے ہوئے ہیں۔

Related Articles