پی ایف آئی جیسی تنظیمیں راجستھان میں دہشت پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں: بی جے پی

نئی دہلی، اپریل ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس کی قیادت والی راجستھان حکومت کی سرپرستی میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) جیسی انتہا پسند تنظیم ریاست میں دہشت پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔راجستھان بی جے پی یونٹ کے صدر ستیش پونیا نے پیر کو یہاں پارٹی صدر جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی اور انہیں راجستھان کے کرولی قصبے میں پھوٹنے والے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعہ کے بارے میں بتایا۔مسٹر پونیا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ راجستھان جیسی پرامن ریاست میں جب بھی کانگریس کی حکومت آتی ہے تو ریاست میں امن کا ماحول خراب ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کالعدم تنظیم اسٹوڈنٹ اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) کی سرگرمیاں کانگریس کی سرپرستی میں چلتی تھیں لیکن اب اس کی جگہ پی ایف آئی نے لے لی ہے۔مسٹر پونیا نے الزام لگایا کہ ریاست میں امن و امان کو یقینی بنانا راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کی اخلاقی ذمہ داری ہے لیکن وہ پی ایف آئی جیسی تنظیم کو تحفظ فراہم کرنے میں ملوث ہیں، اس لیے پی ایف آئی کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مسٹر گہلوت، جن کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان بھی ہے، کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ راجستھان کے کرولی میں ہندو نئے سال کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران پتھراؤ کیا گیا اور تصادم کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس تنازعہ نے فرقہ وارانہ تشدد کی شکل اختیار کر لی۔

 

Related Articles