پیرس میں زیرِحراست سعودی شہری کی رہائی

پیرس،دسمبر۔فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مقتول صحافی جمال خاشقجی کے قتل کیس کے سلسلے میں گرفتار سعودی شہری کو رہا کردیا گیا ہے۔فرانس کے پبلک پراسیکیوٹر نے اس شہری کی رہائی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک غلط شناخت کا معاملہ تھا اور اس شخص کو غلطی سے حراست میں لیا گیا تھا۔پیرس کے پراسیکیوٹرز نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام سفری کاغذات کی جانچ پڑتال سے پتاچلا ہے کہ ترکی کی جانب سے غلط طور پروارنٹ جاری کیے گئے تھے اور ان کا اس گرفتارشہری پر اطلاق نہیں ہوتا ہے۔اس شخص کے سرحد پر چیکنگ کے وقت سکین کے دوران میں پاسپورٹ کو نشان زد کردیا گیا تھامگراس کا اس شخص کی ائیرپورٹ پر گرفتاری پراطلاق نہیں ہوتا تھا۔پیرس میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے فرانسیسی حکام سے اس سعودی شہری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔اس نے فرانسیسی میڈیا کے حوالے سے اطلاع دی تھی کہ اس شخص کو2018ء میں ترکی کے شہر استنبول میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے میں ملوث ہونے کے شْبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ جمال خاشقجی کے معاملے میں مشتبہ سعودی شہری کی گرفتاری کے بارے میں میڈیا میں جو کچھ زیرگردش ہے،وہ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔اس گرفتارشخص کا زیرِبحث معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Related Articles