پنجاب کا ماحول کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا: رجیجو

لدھیانہ، دسمبر ۔ مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے کہا ہے کہ سرحد سے ملحق ریاست پنجاب کا ماحول کسی بھی حال میں خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔مسٹر رجیجو آج یہاں پہنچنے کے بعد سیدھے عدالت کے احاطے گئے جہاں کل دھماکہ ہوا تھا۔ اس کے بعد وہ ہسپتالوں میں گئے جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔اس کے بعد انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا سیاسی دورہ نہیں تھا اور نہ ہی وہ یہاں کسی انتخابی مہم کے لیے آئے ہیں، وہ اس افسوسناک واقعہ کی وجہ سے یہاں آئے ہیں۔ ان کا لدھیانہ آنے کا واحد مقصد ایسے اندوہناک واقعہ کے بعد شہر کے لوگوں کے حوصلے کو برقرار رکھنا ہے۔ کسی بھی صورت میں پنجاب میں امن اور ہم آہنگی کی فضا کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آج سیاست پر کوئی بات نہیں ہوگی کیونکہ میں کل کے واقعہ کے سلسلے میں آیا ہوں جو بہت افسوسناک ہے۔ واقعہ کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ان واقعات پر تشویش ہے اور معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی ایجنسیاں اس معاملے میں مکمل تال میل سے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے لدھیانہ کے ججوں اور وکلاء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے واقعہ کے باوجود انہوں نے عدالت کا کام نہیں رکنے دیا۔ میں یہاں کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسے واقعات سے ہمت نہ ہاریں۔ پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت چنی نے بھی انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ مرکز کے ساتھ مکمل تال میل برقرار رکھیں گے۔

Related Articles