پنجاب میں اب تک ڈینگو کے 9559 معاملے رجسٹرڈ

چنڈی گڑھ، نومبر۔ پنجاب کے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر چیتن سنگھ جوڑاماجرا نے گجرات میں انتخابی مہم کے دوران ڈینگو اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے حوالے سے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اب تک ڈینگو کے 9559 معاملے درج کئے گئے ہیں۔مسٹر سنگھ نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے متعلقہ محکمہ کے افسران سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان مریضوں میں سے 8323 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اب ڈینگو کے صرف 1206 فعال مریض ہیں۔ اس سال ڈینگو سے 16 افراد کی موت ہوئی جبکہ گزشتہ سال ڈینگو سے 55 اموات ہوئی تھیں۔ اس وقت صورتحال کافی حد تک قابو میں ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تیاریوں میں کمی نہ آنے دیں۔ انہوں نے ریاست میں ڈینگو سے بچاؤ کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔مسٹر جوڑا ماجرا نے کہا کہ ڈینگو اور ملیریا وبائی امراض ایکٹ 1897 کے تحت نوٹیفائڈ بیماریاں ہیں اور اس کے مطابق ریاست پنجاب کے تمام نجی اسپتالوں کو محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کو ڈینگو اور ملیریا کے کیسز کی اطلاع دینا ضروری ہوتی ہے تاکہ ڈینگو کے کسی بھی معاملے میں محکمہ کی طرف سے وقت پر کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ محکمہ بلدیات اور دیہی ترقیات کے ساتھ مل کر فوگنگ کو تیز کرنے کے لئے کہا اور ڈینگو سے بچاؤ کے لیے بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔

Related Articles