پروہت نے نقوی کی موجودگی میں ہنر ہاٹ کا افتتاح کیا

چنڈی گڑھ، مارچ۔ ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 720 سے زیادہ دستکاروں اورکاریگروں کے 39ویں ہنر ہاٹ کا افتتاح ہفتہ کو پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بنواری لال پروہت نے یہاں پریڈ گراؤنڈ میں کیا۔ اس موقع پرمرکزی وزیر مختار عباس نقوی بھی موجود تھے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں مسٹرپروہت نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے دیہی صنعتوں اور کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے پر زور دیا تھا۔ ہمارے ملک میں ہنر مندوں اور دستکاروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ’ہنرہاٹ‘ سے ان کاریگروں اوردستکاروں کو بے پناہ معاشی مواقع ملے ہیں۔مسٹرپروہت نے کہا کہ ہنرہاٹ کے ذریعہ ان کاریگروں کوایک بہت بڑا پلیٹ فارم ملا ہے۔ ہنر ہاٹ ہندوستانی کاریگروں کی صلاحیتوں کو مقامی سے عالمی سطح تک لے جانے کی ایک بڑی کوشش ہے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سودیشی کے عزم کو مضبوط کررہا ہے۔مسٹر پروہت نے کہا کہ ہنر ہاٹ سے ملک کے ناپید ہورہے فن اور ثقافت کو ایک نئی شناخت ملی ہے۔ مقامی مصنوعات کی برآمد کے بے پناہ امکانات ہیں اور ہنر ہاٹ اس سمت میں ایک اہم اور قابل ستائش کوشش ہے۔مسٹر پروہت نے ہنر ہاٹ کے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور ملک بھرسے آئے کاریگروں اورہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر چنڈی گڑھ کی میئر سربجیت کور، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا ستیہ پال جین، مسٹر ارون سود اور دیگر معززین موجود تھے۔اس موقع پر مرکزی اقلیتی امور کے وزیر اور راجیہ سبھا میں ڈپٹی لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہنر ہاٹ تنوع میں اتحاد اور سروا دھرم سمبھاو کی ایک بہترین مثال ہے۔ کاریگروں، دستکاروں اورہنرمندوں کا ہنر ہی دھرم ، ہنر ہی کرم ہے اور ہنر ہاٹ ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کی حقیقت کا آئینہ ہے۔مسٹر نقوی نے کہا کہ ہنر ہاٹ ، ہنرمندی کی قدر ، ہنر کو حوصلہ اور محنت کو موقع-مارکیٹ‘ دینے کی مضبوط مہم ثابت ہوئی ہے۔ گزشتہ سات برسوں میں ہنر ہاٹ کے ذریعے 8 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ دستکاروں، کاریگروں اورہنرمندوں کو روزگار اور روزگار کے مواقع دستیاب ہوئے ہیں۔ ان میں سے 50 فیصد سے زیادہ خواتین کاریگر شامل ہیں۔ یہ ہنر ہاٹ کے کامیاب سفر کا ثبوت ہے۔مسٹرنقوی نے کہا کہ ہنر ہاٹ وزیر اعظم نریندر مودی کے ووکل فار لوکل ، آتم نربھر بھارت اور سودیشی سے سواولمبن کے عزم کا ایک موثر پروجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ گراونڈ، سیکٹر-17، چنڈی گڑھ ہنر ہاٹ کا انعقاد 25 مارچ سے 3 اپریل تک کیا جا رہا ہے۔مسٹرنقوی نے کہا کہ باورچی خانہ سیکشن میں یہاں آنے والے لوگ، ملک کے مختلف علاقوں کے روایتی کھانوں کا مزہ چکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ میرا گاوں، میرا دیش ، وشوکرما واٹیکا ، روزانہ سرکس، مہابھارت کا اسٹیج، مشہور فنکاروں کے گانوں کے پروگرام، سیلفی پوائنٹس وغیرہ ہنر ہاٹ کے بڑے پرکشش مقامات ہیں۔مسٹرنقوی نے کہا کہ 40ویں ہنر ہاٹ کا انعقاد پونے میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آنے والے دنوں میں ہنرہاٹ کاانعقاد احمد آباد، بھوپال، پٹنہ، ممبئی، جموں، چنئی، آگرہ، پریاگ راج، گوا، جے پور، بنگلور، کوٹا، سکم، سری نگر، لیہہ، شیلانگ، رانچی، اگرتلہ اور دیگر مقامات پربھی ہو گا۔

Related Articles