ٹرین نئے ہندوستان کے عزائم اور صلاحیتوں کی مظہر:مودی
وزیر اعظم نے سکندرآباد۔وشاکھاپٹنم وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا
حیدرآباد،جنوری۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ریموٹ ویڈیو لنک کے ذریعہ سکندرآباد۔وشاکھاپٹنم وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا۔ یہ وندے بھارت سیریز کا چھٹویں اور تلنگانہ اور آندھرا پردیش تلگو ریاستوں کے لیے پہلی ٹرین ہے۔یہ ٹرین نئے ہندوستان کے عزائم اور صلاحیتوں کی مظہر ہے۔یہ اُس ہندوستان کی علامت ہے جس نے تیزترترقی کی ہے۔ہندوستان جو اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر اورخواہشات کو پورا کرنے کے لئے بے تکان مساعی کررہا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اس تہوار کے ماحول میں تلنگانہ اور اے پی کے عوام کے لئے یہ ٹرین ایک تحفہ ہے۔اس کے ذریعہ تلنگانہ اور اے پی میں ثقافت اورثقافتی ورثہ کا تبادلہ ہوگا۔انہوں نے اس ٹرین کے آغاز پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور معیشت کو فائدہ ہوگا۔ مسافروں کی سہولیات کے لئے جدید ترین ٹکنالوجی سے لیس مقامی طور پر تیار کردہ وندے بھارت ٹرین تیز، آرام دہ اور مسافردوست بنائی گئی ہے۔ وندے بھارت ٹرینوں نے رفتار، صلاحیت اور مسافروں کی گنجائش کے لحاظ سے ایک نیا رجحان قائم کیا ہے۔ اس ٹرین میں جدید حفاظتی انتظامات ہیں۔ یہ ٹرین صرف 52 سکنڈمیں 100 کلومیٹر کی رفتار پر دوڑسکتی ہے۔ سکندرآباد۔وشاکھاپٹنم کے درمیان 700 کلومیٹر کا فاصلہ 7 گھنٹے میں طے کر نا اب ممکن ہے۔ وندے بھارت ٹرین مرکزی حکومت کی جانب سے تلگو ریاستوں کو سنکرانتی کے تحفہ کے طور پر شروع کی گئی ہے۔ سکندرآباد سے وشاکھاپٹنم روانگی کے دوران یہ ٹرین ورنگل، کھمم، وجئے واڑہ اور راجمندری اسٹیشنوں پر توقف کرے گی۔وندے بھارت ٹرین کی باقاعدہ خدمات اس ماہ کی 16 تاریخ سے شروع ہوں گی۔ وندے بھارت ٹرین اتوار کے سواہفتہ میں 6دن سکندرآباد۔ وشاکھاپٹنم روٹ پر چلے گی۔ وشاکھاپٹنم۔سکندرآباد وندے بھارت ایکسپریس صبح 5.45 بجے وشاکھاپٹنم سے روانہ ہوگی اور دوپہر 2.15 بجے سکندرآباد پہنچے گی۔ سکندرآباد۔ وشاکھاپٹنم ٹرین سکندرآباد سے سہ پہر3 بجے روانہ ہوگی اور 11.30 بجے شب وشاکھاپٹنم پہنچے گی۔ راجمندری، وجئے واڑہ، کھمم اور ورنگل اسٹیشنوں پر یہ ٹرین توقف کرے گی تاہم پہلے دن، حکام نے اعلان کیا کہ ٹرین 21 اسٹیشنوں پر رکے گی۔ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ اس ٹرین میں 1128 افراد سفر کر سکتے ہیں۔