ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ سے بدترین شکست کی وجہ بتادی

دبئی،نومبر۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کیویز سے اپنی شکست کی وجہ ٹیم کی اندرونی کیفیت کو ٹھہرایا۔ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ناقص کاکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اچھا نہیں کھیلی، بیٹنگ اور بولنگ میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم بہادری سے بیٹنگ اور بولنگ نہیں کرسکے، میچ سے قبل ٹیم بے یقینی کا شکار تھی جو ہار کا سبب بنی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی باڈی لینگویج ہماری ٹیم سے زیادہ اچھی تھی، انہوں نے پہلے اوور سے ہم پر دباؤ برقرار رکھا جو کہ اننگز کے اختتام تک جاری رہا۔ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران جب بھی ہم نے موقع دیکھتے ہوئے شاٹ کھیلنا چاہا، ہم اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں آپ بھرپور طریقے سے بیٹنگ نہیں کرپاتے کیونکہ آپ ہچکچاہٹ کا شکار ہوتے ہیں کہ آیا شاٹ کھیلا جائے یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور ٹیم آپ کو مشکل صورتحال میں دباؤ پر اچھی طرح سے قابو پانا چاہیے جو کہ ہم اپنے گزشتہ دو مقابلوں میں نہیں کرسکے جس کی وجہ سے ہم میچ نہیں جیت پائے۔خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کا پہلا مقابلہ پاکستان سے تھا جس میں اسے 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست ہوئی تھی جب کہ گزشتہ شب نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو 8 وکٹوں سے باآسانی ہرایا۔

Related Articles