وزیر داخلہ پانچ اکتوبر کو بارہ مولہ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے
دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل :رویندر رینا
سری نگر، اکتوبر۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورہ جموں وکشمیر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کشمیر کے حوالے سے لوگوں میں زبردست جو ش و جذبہ پایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ اکتوبر کے روز وزیر داخلہ کی بارہ مولہ ریلی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔یو این آئی اردو کو معلوم ہوا ہے کہ پانچ اکتوبر کے روز وزیر داخلہ بارہ مولہ میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا، سنیل کمار اور جنرل سیکریٹری اشوک کول نے بارہ مولہ میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر رویندر رینا نے کہاکہ پانچ اکتوبر بدھ کے روز وزیر داخلہ بارہ مولہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے سبھی اضلاع کے لوگوں کی اس ریلی میں شرکت کویقینی بنانے کی خاطر بی جے پی نے سبھی طرح کے انتظامات کئے ہیں۔اُن کے مطابق پانچ اکتوبر کو بارہ مولہ میں لوگوں کا ایک بڑا سیلاب امڑ آئے گا اور ایک نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے کشمیر دورے کے پیش نظر لوگوں میں زبردست جوش اور جذبہ پایا جارہا ہے۔دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے اس دورے کے پیش نظر حکام نے وادی بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنگی ساز و سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں اور ناکوں پر موٹر سائیکلوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔