وزیر اعلیٰ نے کورونا انفیکشن سے بچاؤ اور علاج کے انتظام کو چست درست رکھنے کی ہدایت دی

لکھنو:اپریل۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کورونا انفیکشن کی روک تھام اور علاج کے انتظامات کو مسلسل مضبوط رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے متصل کچھ ریاستوں میں کووڈ کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔ اس کا اثر این سی آر کے اضلاع میں بھی ہے۔ اس کے پیش نظر انہوں نے احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ٹیم-09 کی میٹنگ میں ریاست میں کورونا انفیکشن کی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گوتم بدھ نگر میں انفیکشن کے 65، غازی آباد میں 20 اور لکھنؤ میں 10 نئے معاملے پائے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ این سی آر کے اضلاع گوتم بدھ نگر، غازی آباد، ہاپڑ، میرٹھ، بلند شہر اور باغپت کے ساتھ ساتھ لکھنؤ میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا جائے۔ ان اضلاع میں ایسے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے جو ویکسینیشن سے رہ گئے ہیں، انہیں ترجیحی بنیاد پر ٹیکے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ایڈریس سسٹم کا موثر استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنے اور کووڈ ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں مطلع کیا جائے۔ انہوں نے علامات والے افراد کا کووڈ ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ این سی آر میں کووڈ پازیٹیو پائے جانے والے مریضوں کے نمونوں کی جینوم سیکوینسنگ میں کورونا کے ویرینٹ اومیکرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ممکن ہے کہ کیس کی تعداد میں اضافہ ہو لیکن اسپتال میں داخل ہونے یا مریض کے سنگین ہونے کی صورت حال نہیں ہو گی۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں کورونا انفیکشن کے 115 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس دوران 29 افراد کو کامیاب علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ اس وقت ریاست میں کورونا کے ایکٹیو کیسوں کی تعداد 695 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں 83 ہزار 864 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ریاست میں اب تک 10 کروڑ 99 لاکھ 24 ہزار 512 کووڈ ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز تک ریاست میں کورونا ویکسین کی 30 کروڑ 75 لاکھ 99 ہزار سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے 12 کروڑ 72 لاکھ 79 ہزار سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کی دونوں خوراکیں دے کر کووڈ سے تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ اس طرح 86.34 فیصد لوگوں نے کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں۔ 15 کروڑ 28 لاکھ 48 ہزار سے زیادہ لوگوں کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک ملی ہے۔گزشتہ روز تک 15 سے 17 سال کی عمر کے 01 کروڑ 31 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک اور 85 لاکھ 14 ہزار سے زائد نوجوانوں کو دوسری خوراک مل چکی ہے۔ اس طرح 15 سے 17 سال کی عمر کے افراد کو اب تک مجموعی طور پر 02 کروڑ 17 لاکھ 01 ہزار سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ 12 سے 14 سال کی عمر کے 31 لاکھ 77 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کی پہلی خوراک اور 2 ہزار سے زائد بچوں کو دوسری خوراک مل چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں 700 پرائیویٹ امیونائزیشن مراکز پر بوسٹر خوراک لگوائی جا سکتی ہے۔ عام لوگوں کو ان ویکسینیشن مراکز اور بوسٹر ڈوز کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو بوسٹر ڈوزسے متعارف کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر صورت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شہری ویکسین سے محروم نہ رہے۔

 

Related Articles