وجین کل جینوم ڈیٹا سینٹر کا کریں گے افتتاح
ترواننت پورم، مارچ۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین پیر کو کیرالہ جینوم ڈیٹا سینٹر (کے جی ڈی سی) اور کیرالہ ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن اسٹریٹجک کونسل (کے-ڈی آئی ایس سی) کے ذریعے قائم کردہ مائیکرو بایوم سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح کریں گے۔ یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جینیاتی ڈیٹا کا تجزیہ کرکے، کیرالہ جینوم ڈیٹا سینٹر صحت، زراعت اور مویشی پروری جیسے شعبوں میں اہم رول ادا کرے گا۔ ریلیز کے مطابق، کے ڈسک ممبر سکریٹری، ڈاکٹر پی وی اننی کرشنن نے بتایا کہ بڑی مقدار میں جینیاتی ڈیٹا کو ذخیرہ کرنے اور ان کا انتظام کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صحت کی دیکھ ریکھ، ادویات کے فروغ، زراعت اور ماحولیاتی سائنس جیسے مختلف شعبوں میں تبدیلی کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر محققین، صحت کے پیشہ ور افراد اور صحت عامہ کے اہلکاروں کے لیے جینومک ڈیٹا تک رسائی اور اشتراک کرنے کے لیے مرکز کے طور پر کام کرے گا، جس میں پودوں اور جانوروں کی جینیاتی تحقیق پر توجہ دی جائے گی۔