نتیش حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا

پٹنہ، اگست ۔بہار میں وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت والی مہاگٹھ بندھن حکومت نے آج اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔نو تشکیل شدہ گٹھ بندھن حکومت کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے بدھ کو بلائی گئی میٹنگ میں 160 اراکین نے نتیش حکومت کے حق میں ووٹ دیا۔ ساتھ ہی اپوزیشن اراکین کے واک آؤٹ کے باعث حکومت کی مخالفت میں ایک ووٹ بھی نہیں پڑا۔نتیش کی حکومت کو جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو)، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، کانگریس، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ-لیننسٹ (سی پی آئی-ایم ایل) اور اسے ایک آزاد رکن اسمبلی سمیت 164 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ لیکن، جے ڈی یو کے وجیندر پرساد یادو اور بیما بھارتی بیماری کی وجہ سے اور سی پی آئی کے سوریہ کانت پاسوان اور ایچ اے ایم کے پرفل مانجھی دیگر وجوہات کی وجہ سے آج ایوان میں نہیں جا سکے۔ایسے میں 160 اراکین نے نتیش حکومت کے حق میں اعتماد کا اظہار کیا، جن میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے اختر الایمان بھی شامل ہیں۔ اسمبلی کے اسپیکر مہیشور ہزاری نے ایوان کی کارروائی چلائی اس لیے انہوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

 

Related Articles