نئے زرعی قوانین کی واپسی کا سوال ہی نہیں:اٹھاولے
لکھنؤ:اکتوبر۔مرکزی سماجی عدل و با اختیاری کے مملکتی وزیر رام داس اٹھاولے نے کہا ہے کہ کسانوں کے مفاد کے لئے بنائے گئے نئی زرعی قوانین کو واپس لینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔مسٹر اٹھاولے نے بدھ کو یہاں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ جن کسانوں نے مسٹر نریندر مودی کو وزیر اعظم بنایا ہے وہ بھلا ان کے خلاف قانون کیوں بنائیں گے۔ یہ تینوں قوانین کسانوں کے مفاد میں ہیں اس لئے قانون سے پیچھے نہیں ہٹا جاسکتا ہے حالانکہ بات چیت کے ذریعہ اس میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور اترپردیش کی حکومت سبھی ذات۔ مذہب کے لوگوں کی مدد کرتی ہیں۔ مردااسکیم سے غریبوں کو بہت فائدہ ہوا ہے۔ ملک میں تقریبا 31کروڑ 47لاکھ لوگوں کو اس کا فائدہ ہوا جبکہ دو کروڑ سے زیادہ لوگوں کو اترپردیش میں قرض ملا ہے۔ پورے ملک میں آٹھ کروڑ لوگوں کو گیس کنکشن ملے ہیں جن میں یوپی کے مستفدین کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔اٹھاولے نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سال 2022 کے انتخابات میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے تعاون سے دوبارہ بی جے پی اقتدار میں آئے گی اس بار بھی 300سے زیادہ سیٹیں بی جے پی اور اس کی اتحادی پارٹیوں کے پاس آنا طے ہے۔ وہ آج شام کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کریں گے۔