میری رہائش گاہ پر چھاپہ مارنے والی سی بی آئی کو کچھ نہیں ملا: چدمبر م
نئی دہلی، مئی۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا ہے کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ٹیم نے منگل کی صبح ان کی دہلی اور چنئی کی رہائش گاہوں پر چھاپہ مارا لیکن وہاں کچھ نہیں ملا۔ چھاپے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ آج صبح سی بی آئی کی ٹیم نے چنئی اور دہلی میں میری سرکاری رہائش گاہوں کی تلاشی لی۔ ٹیم نے مجھے ایک ایف آئی آر کی کاپی دکھائی جس میں میرا نام بطور ملزم نہیں ہے۔ سرچ ٹیم کو نہ تو کچھ ملا اور نہ ہی ضبط کیا۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ چھاپے کا یہ وقت دلچسپ ہے۔کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ میں یہ گنتی بھول گیا ہوںکہ یہ کتنی بار ہوا ہے۔ یہ ایک ریکارڈ ہوگا۔ دریں اثنا کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہاکہ مسٹر پی چدمبرم ایک قوم پرست اور محب وطن ہیں اور ملک کے تئیں ان کی وابستگی کسی بھی شک و شبہ سے پرے ہے۔ سی بی آئی نے جس طرح سے سابق وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ کے خلاف اسپانسرڈ اور بیہودہ الزامات لگائے ہیں، اس سے سیاسی سطح میں گراوٹ ظاہر ہوتی ہے۔