میرٹھ سڑک حادثے میں تین افراد کی موت
میرٹھ:نومبر۔اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں اتوار کو ایک خوفناک سڑک حادثے میں کار سوار تین افراد کی موت ہوگئی جن کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔پولیس نے یہاں بتایا کہ پولو کار میں سوار تین افراد دہلی سے ہریدوار جارہے تھے۔ ہریدوار نیشنل ہائی وے پر کنکرکھیڑا علاقے میں کھروا چوراہے کے نزدیک علی الصبح تقریبا تین بجے یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک راہ گیر کو بچانے کی کوشش میں گاڑی بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر توڑتی ہوئی دوسری سڑک کی سائیڈ ریلنگ سے ٹکرا گئی۔اس حادثے میں کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار تین افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے گاڑی میں پھنسی لاشوں کو کسی طرح باہر نکال کر انہیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجوا دیا ہے۔ پولیس لاشوں کی شناخت کی کوشش کررہی ہے۔ فی الحال پتہ لگ پایا ہے کہ تینوں افراد دہلی سے ہریدوار کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔