مہاراشٹر میں پیاز کے کسانوں کو 300 روپے فی کوئنٹل سبسڈی ملے گی :شنڈے

ممبئی، مارچ ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے نے پیر کو ریاستی اسمبلی میں پیاز کے پریشان کسانوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے 300 روپے فی کوئنٹل سبسڈی دینے کا اعلان کیا۔ مسٹر شنڈے نے کہا کہ اس فیصلے سے پیاز پیدا کرنے والے کسانوں کو بڑی راحت ملے گی۔ پیر کو یہاں مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں اس کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خریف کے موسم میں سرخ پیاز بڑے پیمانے پر آتی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں پیاز کی پیداوار میں اضافے کی وجہ سے ڈیمانڈ سپلائی سے کم ہے ، جس کی وجہ سے پیاز کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پیاز چونکہ خراب ہونے والی فصل ہے اس لیے اس پر کم از کم امدادی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں پیاز ایک اہم نقد فصل ہے اس لئے اس کی قیمت پیاز اگانے والے کسانوں کے لیے بہت حساس معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پیاز کی پیداوار اس کی مقامی طلب اور ملک سے ایکسپورٹ وغیرہ کا مارکیٹ میں پیاز کی قیمت پر اثر پڑتا ہے۔مسٹر شندے نے یہ بھی کہا کہ پیاز پیدا کرنے والے کسانوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے ایک کمیٹی کا تقرر کیا تھا۔ کمیٹی نے 200 اور 300 روپے فی کوئنٹل سبسڈی دینے کی سفارش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت پیاز پیدا کرنے والے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی اسی وجہ سے اس نے انہیں 300 روپے فی کوئنٹل کی رعایتی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

Related Articles