موربی حادثہ پر بھوپیندر پٹیل کو استعفیٰ دینا چاہئے: کیجریوال
نئی دہلی، نومبر۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ موربی پل حادثہ بدعنوانی کا نتیجہ ہے، اس لیے گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔مسٹر کیجریوال نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر پٹیل کو فوراً استعفیٰ دے دینا چاہئے اور ریاست میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موربی پل حادثہ کرپشن کا معاملہ ہے۔ پل کی مرمت کا کام گھڑی بنانے والی کمپنی کو دیا گیا تھا، جس کا مطلب ہے کہ اس کمپنی کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں نہ تو کمپنی اور نہ ہی اس کے مالک کا نام ہے۔ اس معاملے پر پردہ ڈالا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ ایک الزام یہ بھی ہے کہ پل بنانے والی کمپنی نے بی جے پی کو بھاری چندہ دیا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ کو عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ حکومت گجرات فوری مستعفی ہو کر انتخابات کرائے ۔اہم بات یہ ہے کہ اتوار کی شام گجرات کے موربی میں جھولا پل گرنے سے 140 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی لوگ زخمی ہو گئے۔