مودی کرناٹک میں آئی آئی ٹی دھارواڑ کا افتتاح کریں گے

ہبلی، مارچ ۔ وزیر اعظم نریندر مودی 12 مارچ کو کرناٹک کے دھارواڑ میں نو تعمیر شدہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کا افتتاح کریں گے۔یہ اطلاع مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے یہاں مقامی ثقافتی پروگرام ‘جگا ہلگے حبہ کے لوگو کی رونمائی کے بعد دی۔انہوں نے بتایا کہ 851.88 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کردہ آئی آئی ٹی دھارواڑ مرکزی حکومت کے فنڈ سے چلنے والا ایک پروجیکٹ ہے اور یہ 470 ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے جو حکومت کرناٹک کی طرف سے فراہم کی گئی ہے۔ کیمپس میں 8,500 سے زیادہ تحقیقی جرائد اور 5,000 سے زیادہ کتابوں کے ساتھ نالج ریسورس سینٹر تک رسائی ہے۔ اس مرکز میں سات شعبوں میں چار سالہ بی ٹیک پروگرام کے ساتھ ساتھ ڈیٹا سائنس اور الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی جیسے انجینئرنگ کے مختلف زمروں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرام کی سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے انجینئرنگ کے مختلف شعبوں پر عملی معلومات حاصل کرنے کے لیے مختلف ریسرچ لیبارٹریز بھی دستیاب ہوں گی۔ریاستی اسمبلی کے آئندہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر جوشی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مسٹر مودی کی قیادت میں کرناٹک میں ڈبل انجن والی حکومت بھاری اکثریت سے جیت جائے گی۔وزیر اعظم کے خلاف کانگریس لیڈر سدارامیا کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ جب سے مسٹر مودی قومی سیاسی منظر نامے پر آئے ہیں، کانگریس کرناٹک میں مسلسل انتخابات میں شکست کھا رہی ہے۔ چناگیری سے پارٹی ایم ایل اے روپاکشاپا مدل کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے الزامات پر ان کے بیٹے کی 8 کروڑ روپے کی غیر محسوب نقدی کے ساتھ گرفتاری کے بعد، انہوں نے کہا کہ جو بھی ذمہ دار ہوگا اسے سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جاری وجے سنکلپ یاترا کو ریاست میں ہر جگہ لوگوں کی زبردست حمایت مل رہی ہے۔

Related Articles