مودی حکومت بزدل، کسی کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتی: راہل

نئی دہلی، دسمبر ۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایوان بالا راجیہ سبھا کے 12 ارکان کی معطلی کے خلاف جمعرات کو پارلیمنٹ کے کیمپس میں مسلسل تیسرے دن بھی دھرنا دیا اور کہا کہ مودی حکومت بزدل ہے۔ اس لیے وہ کسی کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتی۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے سوالوں سے ڈرتی ہے، اس لیے وہ کسی بھی معاملے پر بحث کرنے سے بھاگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت ایکٹ کو منسوخ کرنے کی تجویز پر بحث سے بچنے کے لئے پارلیمنٹ کو کام کرنے کی اجازت نہ دینے پر ایوان بالاراجیہ سبھا میں اپوزیشن کے 12 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کر دیا۔حکومت پر پارلیمنٹ میں بحث سے گریز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کیا’’سوالوں سے خوف، سچائی سے ڈر ، حوصلہ سے ڈر… جو حکومت ڈرے، وہ صرف ناانصافی ہی کرتی ہے‘‘۔پارلیمنٹ کے کیمپس میں بابائے قوم کے مجسمہ کے سامنے دھرنا کی قیادت کررہے راہل گاندھی کے ساتھ لوک سبھا میں کانگریس قائدین ادھیر رنجن چودھری، کے سی وینوگوپال، کے سریش سمیت کئی پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے ۔ یہ تمام اراکین پارلیمنٹ ہاتھوں میں پلے کارڈز لے کر حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے۔

 

Related Articles