منوگوڑے ضمنی انتخاب: پربھاکر ریڈی ٹی آر ایس کے امیدوار نامزد
حیدرآباد، اکتوبر۔تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے منوگوڑے اسمبلی ضمنی انتخابات کے لئے اپنی پارٹی کے امیدوار کے طورپر سابق ایم ایل اے کے. پربھاکر ریڈی کے نام کا جمعہ کو اعلان کیا۔3 نومبر کو ہونے والے اس ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر ہے جب کہ کاغذات نامزدگی 17 اکتوبر تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔کے سی آر نے مقامی قائدین، کارکنوں، ضلعی پارٹی قیادت اور حلقہ کے عوام کی رائے جاننے کے بعد ریڈی کے نام پر مہر ثبت کی۔ ٹی آر ایس کے قیام کے وقت سے ہی پربھاکر ریڈی اس کے کارکن رہے ہیں اور زمینی سطح پر کام کرتے رہے ہیں۔ضمنی انتخاب حکمراں ٹی آر ایس، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔ کانگریس نے پہلے ہی ایک خاتون امیدوار پلوئی شراونتی کو میدان میں اتارا ہے، جو منگوڑے سے پانچ بار ایم ایل اے رہنے والے پلوئی گووردھن ریڈی کی بیٹی ہیں۔ کوماٹیریڈی راج گوپال ریڈی جنہوں نے 2018 میں کانگریس کے ٹکٹ پر منوگوڑے اسمبلی سیٹ کا الیکشن جیتا تھا، وہ بی جے پی امیدوار کے طور پر میدان میں اتریں گے۔