منوج سنہا کا فلیگ ڈے کے موقعے پر مسلح افواج کو خراج
سری نگر، دسمبر۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یوم پرچم (فلیگ ڈے) کے موقع پر منگل کے روز مسلح افواج کو شاندار خراج پیش کرتے ہوئے ان کے لئے اظہار ممونیت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کا نا قابل تسخیر جذبہ پوری قوم کو عظمت کے حصول کی طرف ثابت قدمی سے آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں سے آرمڈ فورسز فلگ ڈے فنڈ کے لئے دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی۔موصوف نے باتوں کا اظہار اپنے ایک ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا: ’آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کے موقع پر میں ممونیت کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج کی بہادری اور ملک کے لئے ان کی بے لوث خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں‘۔ان کا کہنا تھا: ’ہماری مسلح افواج تواتر کے ساتھ بہادری کے اعلیٰ معیارات قائم کر رہے ہیں ان کے ناقابل تسخیر جذبہ قوم ہر روز عظمت کے حصول کی طرف ثابت قدمی سے آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے‘۔مسٹر سنہا نے جموں وکشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قوم کے دفاع کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے سابق فوجی جوانوں اور ان کے اہلخانہ کی بہبودی کے لئے آرمڈ فورسز فلگ ڈے فنڈ کے لئے دل کھول کر مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ یہی ان جانبازوں کے لئے بہترین خراج عقیدت ہوگا۔ دریں اثنا فلیگ ڈے کے موقع پر راج بھون جموں میں محکمہ سینک ویلفئر کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) گرمیت سنگھ شان نے لیفٹیننٹ گورنر کی جیکٹ پر مسلح افواج کا جھنڈا لگایا۔بعد ازاں انہوں نے موصوف لیفٹیننٹ گورنر کو محکمے کی طرف سے سابق فوجی جوانوں، ویر ناریوں، ان کے زیر کفالت افراد اور سروس کر رہے فوجی جوانوں کی بہبودی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔قابل ذکر ہے کہ ملک میں سال 7دسمبر 1949 سے ہر سال ’آرمڈ فورسز فلیگ ڈے‘ یا ’فلیگ ڈے آف انڈیا‘ منایا جا تا ہے۔