منوج سنہا مہلوک راہل بٹ کے اہلخانہ سے ملے، انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کی

سری نگر،مئی۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعے کے روز وسطی ضلع بڈگام میں مشتبہ جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے کشمیری پنڈت راہل بٹ کے اہلخانہ سے ملے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم پسماندگان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس گھناؤنی حرکت کے مرتکبین کو بخشا نہیں جائے گا۔ بتادیں کہ بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جمعرات کو مشتبہ جنگجوؤں نے راہل بٹ کو اپنے دفتر میں ہی گولیاں مار ہلاک کر دیا۔راہل کی ہلاکت کے خلاف پنڈت برادری سے وابستہ لوگوں نے وادی کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ منوج سنہا نے جمعے کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’راہل بٹ کے رشتہ داروں سے ملا اور خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی‘۔ ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’جنگجوؤں اور ان کے حامیوں کو یہ گھناؤنی حرکت انجام دینے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی‘۔

Related Articles