مملکت میں موجود غیر قانونی تارکین کے بچوں کو سکولوں میں داخلے کی اجازت
الریاض،اگست۔سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ ’مملکت میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے بچوں کو نئے تعلیمی سال کے دوران داخلے کے مواقع دیے جائیں گے۔‘وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ’سرکاری سکول انتظامیہ غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے بچوں کو داخلہ فارم فراہم کریں اور انہیں ہدایت کی جائے کہ وہ ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ گورنریٹ سے رجوع کریں۔ گورنریٹ سے منظوری کے بعد فارم سکول میں جمع کرایا جائے۔وزارت تعلیم نے مملکت کے تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ ’ہر تعلیمی زون میں داخلہ لینے والے طلبہ کے اعدادوشمار ماہانہ بنیاد پر فراہم کیے جائیں۔‘العربیہ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو سکولوں میں داخلہ دینے کے لیے داخلہ فارم کے ضوابط مقرر ہیں۔ فارم میں طالب علم اور اس کے والدین کے کوائف درج کرنا ہوں گے۔ پاسپورٹ یا اقامہ یا وزٹ ویزا یا بیانیے کے مطابق معلومات درج کی جائیں گی۔‘’مستقل رہائش کا پتہ، رابطے کے لیے مطلوبہ معلومات بھی درج کرنا ہوں گی۔ علاوہ ازیں بچے کے سرپرست کو یہ اقرار نامہ بھی جمع کرانا ہوگا کہ اس کے پاس قانونی اقامہ نہیں ہے اور وہ تعلیمی سال کے دوران اپنے قیام کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے ضروری شناختی دستاویزات حاصل کرلے گا۔‘