ممتا کا پیرکے روز دہلی کا دورہ متوقع
کولکاتہ، نومبر۔ ترنمول کانگریس کی سپریمو اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے پیر کو تین روزہ دورے پر دہلی آنے کا امکان ہے۔محترمہ بنرجی کی دہلی میں اپوزیشن کے مختلف رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے، جو 29 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس کے پیش نظر وہاں پہنچنے والے ہیں۔ذرائع کے مطابق ترنمول کانگریس کی سربراہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کر سکتی ہیں، حالانکہ ابھی تک سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔محترمہ بنرجی مرکز کے سامنے زیر التواء فنڈز، کووڈ ویکسین کی فراہمی اور اس میں تاخیرو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے دائرہ اختیار کو 15 کلومیٹر سے بڑھا کر 50 کلومیٹر کئے جانے سے متعلق مرکزی حکومت کے نوٹیفکیشن کی مخالفت جیسے اہم امور کو اٹھاسکتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پہلے ہی وزیر اعظم کو خط لکھ کر اس نوٹیفکیشن کی مخالفت کا اظہار کر چکی ہیں، جب کہ ریاست میں حکمراں جماعت نے اسمبلی میں اس سلسلے میں ایک قرارداد بھی منظور کی ہے۔محترمہ بنرجی عام طور پر پارلیمنٹ کے اجلاس کے آغاز سے پہلے دہلی کادورہ کرتی ہیں، لیکن اس بار مسٹر مودی کے ذریعہ تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کےاعلان کے بعد ان کے دورے کو اس لئےاہم مانا جا رہا ہے کہ ترنمول کانگریس ان قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہی تھی اور ایساہونے کے بعد محترمہ بنرجی نے کسانوں کو مبارکباد دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ تال میل کی امید کر رہی ہیں۔دوسری طرف میڈیا میں خبریں ہیں کہ بی جے پی لیڈر ورون گاندھی ترنمول کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ان کی محترمہ بنرجی سے بھی ملاقات متوقع ہے۔