ممتا بنرجی نے میونسپلٹی انتخابات میں شاندار جیت کیلئے عوام کا شکریہ ادا کیا
کلکتہ /مارچ۔108میونسپلٹی میں سے 102میونسپلٹی پر ترنمول کانگریس اپنا بورڈ قائم کرنے جارہی ہے ۔ممتا بنرجی نے بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ماں، ماٹی اور مانش کی جیت ہے ۔ چار میونسپلٹی میں کسی کو بھی اکثریت حاصل نہیں ہوسکی ہے ۔صرف دارجلنگ میونسپلٹی میں ترنمول کانگریس کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔طاہر پور میونسپلٹی جہاں ایک بار پھر بائیں محاذ نے محض ایک سے زاید سیٹ حاصل کرکے بورڈ بنانے میں کامیاب رہی ہے ۔ترنمول کانگریس نے کانتی میونسپلٹی جو کہ قائد حزب اختلاف اور نندی گرام سے بی جے پی کے ممبراسمبلی شوبھندو ادھیکاری کا گڑھ ہے جیت لیا، جب کہ ہمرو پارٹی، جو کہ پہاڑی سیاست میں نئی جماعت ہے ، نے ترنمول کانگریس، گورکھا جن مکتی مورچہ (جی جے ایم) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دے کر دارجلنگ میونسپلٹی جیت حاصل کرلی ہے ۔ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ماں، ماٹی اور مانش کا شکریہ، یہ ہمارے لئے زبردست مینڈک ہے اور اس کیلئے میں سب کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔سی پی آئی (ایم) کے زیرقیادت بایاں محاذ نے نادیہ ضلع میں طاہر پور میونسپلٹی جیت لی۔بی جے پی اور کانگریس نے ایک بھی میونسپلٹی میں بورڈ قائم نہیں کرسکتی ہے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی رپور ٹ کے مطابق ترنمول کانگریس نے تمام وارڈوں کو محفوظ بناتے ہوئے 27 بلدیات میں اپوزیشن کا صفایا کردیا ہے ۔ چار میونسپلٹی – مرشد آباد میں بیل ڈانگا، پرولیا میں جھلدا، ہگلی میں چاپدانی اور مشرقی مدنی پور میں ایگرامیں کسی کو بھی اکثریت نہیں مل سکی ہے ۔ان میونسپلٹی میں بورڈ کے قیا م میں آزاد امیدوار کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ترنمول کانگریس نے کوچ بہار ضلع کے دین ہاٹا میونسپلٹی میں بلامقابلہ شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔پولنگ کے دوران مغربی بنگال کے مختلف حصوں سے وسیع پیمانے پر تشدد، دھاندلی اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاع ملی تھی۔بی جے پی نے پولنگ کے پورے عمل کو جمہوریت کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے پیر کو 12گھنٹے بندکا اہتمام کیا تھا۔گرچہ اس بند کا کوئی خاص اثر نہیں تھا۔ترنمول کانگریس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں شکست کا احساس کرتے ہوئے بہانے تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔