ملک نے ڈی سوزا اور این سی بی افسرکے درمیان بات چیت کا آڈیو شیئرکیا
ممبئی -نومبر۔ مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے تازہ ٹویٹ کرتے ہوئے ٹیلی فون پرکی گئی بات چیت شیئرکی ہے جو مبینہ طورپر سین ولے ایڈرین ڈی سوزا عرف سیم ڈی سوزا اورنارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ایک افسرکے درمیان ہوئی تھی۔سیم ڈی سوزا کا نام بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سے وابستہ ممبئی کروز ڈرگز کیس میں سامنے آیا تھا۔اس سے قبل ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ سیم ایک منشیات کا اسمگلر ہے اور کرن گوساوی کا قریبی ساتھی ہے جس کی آرین خان کے ساتھ سیلفی وائرل ہوئی تھی۔ گوساوی اس وقت دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں پونے پولیس کی حراست میں ہے۔اس آڈیو گفتگو میں سیم ڈی سوزا نے اپنا تعارف سین ولے کے طور پر کراتے ہوئے این سی بی کے ایک افسر وی وی سنگھ سے بات چیت کی ہے۔ باندرہ میں رہنے والے سینولے کو اس بات چیت میں مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ ایجنسی کے ذریعہ اس کے گھر پر دئے گئے نوٹس کے جواب میں انہیں فون کررہا تھا۔اس کا جواب دیتے ہوئے سنگھ نے اسے دو دن پہلے اپنے موبائل فون کے ساتھ آنے کو کہا تھا۔