معیشت کی تیز رفتاری کےلئے عام آدمی کی مالی مدد کی جائے:چندریما بھٹاچاریہ
کلکتہ۔گزشتہ دو سالوں سے کورونا وبا کی وجہ سے ہندوستانی معیشت کو شدید نقصانات پہنچے ہیں ،روزگار کے مواقع کو نقصان پہنچا ہے۔ان حالات میں ریاستی وزیر مملکت برائے خزانہ چندریما بھٹاچاریہ نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو ملک کی معیشت کو بحال کرنے کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر عام آدمی کی قوت خرید میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک کی معیشت کی حالت آہستہ آہستہ واپس آجائے گی۔چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ عام آدمی کو فنڈ دئیے جائیں ۔نوبل انعام یافتہ ابھیجیت بنرجی سمیت کئی ماہرین اقتصادیات نے ملک کےموجود سست روی معیشت میں عام لوگوں کے جیپ میں روپیے ڈالنے کی ضرور ت پر زور دیا۔تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد ترنمول حکومت نے بنگال میں لکشمی بھنڈر پروجیکٹ شروع کیا۔ ایسا منصوبہ عوام کو پیسے دینے کے لیے ہے۔ ترنمول نے گوا میں بھی اسی طرح کے پروجیکٹوں کا وعدہ کیا ہے۔ چندریما نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو پیسہ عام آدمی کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا۔واضح رہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اگلے مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے مرحلے کے دوران تمام ریاستوں کے وزرائے خزانہ کے ساتھ میٹنگ کررہی ہیں۔ اس میٹنگ میں چندریما نے دعویٰ کیا کہ کووڈ کے دباؤ کی وجہ سے ریاستیں مالی بحران کا شکار ہیں۔ اس تناظر میں، وبا سے نمٹنے اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے مزید رقم خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے ریاست کی جی ڈی پی کے 5 فیصد تک غیر مشروط قرض لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مختلف پروجیکٹوں کے لیے ریاست مرکزی حکومت کے تقریباً 93,000 کروڑ روپے کی مقروض ہے۔