معاشرے کی ترقی میں معذوروں کا اہم کردار : برلا
کوٹہ، فروری ۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اتوار کو کہا کہ معاشرے کی ترقی میں معذور افراد کا اہم کردار ہے ۔مسٹربرلا نے آج راجستھان کے لکھیری میں دیودیا ایکسپریس کے اسٹاپ اور لکھیری اسٹیشن پر مسافر سہولیات کا آغازاور اندرا گڑھ گھاٹ کے وارانا اسٹیشن پر مسافروں کی سہولیات کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پرعلاقے میں مجوزہ ترقیاتی پروجیکٹوں کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ سوگاریا-دہلی ٹرین اب لکھیری میں رکے گی اور لکھیری اسٹیشن کے پلیٹ فارم کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ہی مسافروں کے لیے ویٹنگ روم بھی بنایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ لکھیری کے لوگوں کو ساڑھے چار کروڑ روپے کا انڈور اسٹیڈیم کا تحفہ بھی ملے گا۔مسٹربرلا نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی 48 کروڑ روپے کی لاگت سے رہائشی اسکول کیشورایا پٹن علاقے کو بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس علاقے کے لوگوں کو جلد ہی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں انہوں نے مجوزہ میڈیکل کیمپوں کا ذکر کیا جو پورے علاقے میں لگائے جائیں گے ۔عوام کے تعلیم یافتہ اور صحت مند ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹربرلا نے کہا کہ تمام طبقات کو سمارٹ کلاس بنایا جائے گا اور تعلیم اور طبی شعبے میں دیہی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائے گی۔بعد ازاں مسٹر برلا نے لکھیری کے معذور اور بزرگ شہریوں میں معاون آلات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ آلات معذور اور بزرگ شہریوں کی زندگی کو آسان بنائیں گے۔ مسٹر برلا کی طرف سے 16 موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلیں، 53 سادہ ٹرائی سائیکلیں، وہیل چیئر، بیساکھی، مصنوعی اعضاء اور کئی دوسرے سازوسامان تقسیم کیے گئے۔ 300 مستفیدین کو تقریباً 900 آلات فراہم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں معذور افراد کا اہم کردار ہے ۔ معذور افراد نے پیرا اولمپک گیمز میں ملک کا نام روشن کیا ہے اور تجارت، صنعت اور سائنس کے شعبوں میں ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔