مصر: قبطیوں کے چرچ میں آتش زدگی سے 41 افراد ہلاک

قاہرہاگست۔مصر کے شہر جیزہ میں اتوار کو ایک چرچ کے اندر آگ لگنے سے 41 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ گرجا گھر میں اجتماعی دعائیہ تقریب کے دوران میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تھی۔جیزہ کے امبابہ محلے میں واقع قبطیوں کے ابوصفین چرچ میں آتش زدگی کے وقت پانچ ہزار افراد جمع تھے۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے سے چرچ کا داخلی راستہ بند ہو گیا جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔چرچ میں موجود ایک عبادت گزار یاسرمنیر نے بتایا کہ لوگ تیسری اور چوتھی منزل پر جمع ہو رہے تھے اور ہم نے دوسری منزل سے دھواں آتے دیکھا۔اس کے بعد لوگ سیڑھیوں سے نیچے جانے کے لیے دوڑ پڑے اور ایک دوسرے کے اوپر گرتے پڑتے جا رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ پھر ہم نے کھڑکی سے ایک دھماکے دار آواز سنی اور چنگاریاں اور آگ باہر نکل رہی تھی۔وہ اور ان کی بیٹی گرجا گھر کی نچلی منزل پر تھے جہاں سے وہ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔مصر کا دوسرا بڑا شہر جیزہ قاہرہ سے دریائے نیل کے بالکل پار واقع ہے اور یہیں تاریخی اہرام مصر واقع ہیں۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’میں ان بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں جو (اپنی موت کے وقت) ایک عبادت گاہ میں اپنے رب کے ساتھ تھے‘‘۔

Related Articles