مشعل نے دورہ لبنان میں کوئی انٹرویو نہیں دیا
بیروت،دسمبر۔اسلامی تحریک مزاحمت ]حماس[ نے ایک بیان میں باور کرایا ہے کہ حال ہی میں جماعت کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل نے اپنے دورہ لبنان کے دوران کسی نجی ابلاغی ادارے کو انٹرویو نہیں دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ’اساس میڈیا‘ کی طرف سے اپنی ویب سائٹ پر شائع خالد مشعل سے منسوب انٹرویو جعلی اور من گھڑت ہے۔حماس کے بیرون ملک امور کے ترجمان ھشام قاسم نے کہا کہ خالد مشعل نے اپنے بیرون ملک دورے کے دوران کسی بھی ٹی وی چینل، اخبار یا ویب سائٹ کو انٹرویو نہیں دیا۔ ان کے نام منسوب انٹرویو جعلی ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔خیال رہے کہ ’اساس میڈیا‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خالد مشعل نے انہیں انٹرویو میں کہا ہے کہ ’فلسطینی قوم کا خون حرام ہے اور انہوں نے ٹارگٹ کلنگ پر خبردار کیا‘۔مبینہ انٹرویو کے دوسرے حصے کو’دمشق چھوڑنے پرکوئی پچھتاوا نہیں اور ایران کی طرف داری نہیں کریں گے‘۔ کا عنوان دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ خالد مشعل نے جماعت کے بیرون ملک امور کے سربراہ کی حیثیت سے جماعت کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقعے پر 15 دسمبر کو بیروت کا دورہ کیا تھا تاہم اس دورے کے دوران انہوں نے خصوصی طورپر کسی بھی ٹی چینل یا ابلاغی ادارے کو انٹرویو نہیں دیا۔