مسجد اقصیٰ پر ایک ہزارآباد کاروں کا دھاوا، مسجد فوجی چھاؤنی میں تبدیل
مقبوضہ بیت المقدس،اپریل.اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں آج اتوار کو ایک ہزارکے قریب یہودی آباد کاورں نے دھاوا بولا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے یہودی شرپسندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لییقبلہ اول کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔ آج اتوار کو 912 یہودی آباد کار پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے۔گذشتہ ہفتے اسرائیلی پولیس کی جانب سے نمازیوں پر حملے کے بعد اس کے ارکان نے اتوار کو ایک مرتبہ پھر مسجد اقصی کے صحنوں اور احاطوں پر دھاوا بول دیا۔ یہودی تہوار ’’ عید الفصح‘‘ کے چوتھے دن یہودی آباد کاروں کو سخت حفاظتی انتظامات میں زبردستی مسجد اقصی کے احاطے میں داخل کرایا گیا۔ اس حملے کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔دراندازی کرنے والوں نے گروپوں کی شکل میں قبلہ اول پر دھاوا بولا اور اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری ان کی حفاظت کرتی رہی۔ القدس کے قدیم شہری علاقے میں شدید تناؤ کی کیفیت میں بھی یہودیوں نے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی اور وہاں پر اپنی رسومات ادا کیں۔