مستقبل میں ای۔پنشن کی سہولیت پولیس اور دیگر محکموں کی بھی ملے گی:یوگی

لکھنؤ:یکم مئی۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے تمام سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لاکر آن لائن کئے جانے کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اتوار کو یہاں ای۔پنشن سروس کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی یہ سہولیت پولیس اور دیگرمحکموں کے لئے بھی دستیاب ہوگی۔یوگی نے ای پنشن سروس کے لیے آن لائن پورٹل شروع کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ جلد ہی ایسا ہی ایک آن لائن پورٹل متوفین کے وارثین کی ملازمتوں کے لیے بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ای پورٹل سے ریاست کے 11.50 لاکھ اہلکار مستفید ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2014 میں وزیر اعظم نے کال دی تھی کہ بدعنوانی سے پاک نظام ہونا چاہیے، وزیر اعظم کی تحریک سے ریاستی حکومت نے ٹیکنالوجی کو اپنا کر کام کیا، اس کے نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاآج شروع ہوا ای پنشن پورٹل اس بات کا گواہ ہوگا کہ ٹیکنالوجی کس طرح لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لا سکتی ہے، جب ریاست کے لاکھوں ملازمین کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔یوگی نے کہا کہ اب لوگوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے لیے دفتروں کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ غور طلب ہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ خزانہ نے اس پورٹل کی بنیاد پر ای پنشن سسٹم تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی پولیس اور دیگر محکموں کو بھی اس سے جوڑ دیا جائے گا۔ اب ای پورٹل سے پیپر لیس سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس کی وجہ سے ملازمین کی فائلیں نہیں بنانی پڑیں گی۔یوگی نے کہا کہ اتر پردیش پہلا صوبہ ہے، جس نے اپنے پنشنرز کو یہ نظام دیا ہے۔ انہوں نے کہا، "حکومت آپ کا احترام اس لیے نہیں کرے گی کہ آپ پنشنر ہیں، بلکہ کرم یوگی سے پنشن یوگی ہونے کی وجہ سے کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا ریٹائر ہورہے آپ تمام ملازمین کی زندگی بہتر اور غیر منقطع ہو یہی ہمارا مقصد ہے۔منفی سوچ انحطاط کا باعث بنتی ہے جبکہ مثبت سوچ ترقی کی طرف لے جاتی ہے۔ اس لیے ہمیں اچھی سوچ سے آگے بڑھنا ہوگاتبھی ہم سماج کے لئے کچھ کرسکیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر آج یوم مزدور (مئی ڈے) کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج یوم مئی ہے، مزدوروں کو منانے کا دن، آپ تمام شہریوں، محنت کشوں، مزدوروں کو دلی مبارکباد۔ یوم مئی کے موقع پر اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں یتیموں اور مزدوروں کے بچوں کے لیے 18 اقامتی اسکول کھولے جائیں گے۔

Related Articles