ماں کا دودھ بچے کے امنیاتی نظام کو مضبوط بناتا ہے
نیویارک،جولائی ۔ ماں کا دودھ ایک انمول عطیہ قدرت ہے، اب معلوم ہوا ہے کہ شیرِ مادر بچے کے امنیاتی نظام کو مضبوط بناتے ہوئے اسے انفیکشن اور کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔بنگیمٹن یونیورسٹی میں بشریات کی پروفیسر کیتھرین وینڈر کے مطابق ’ماں کا دودھ بچے کو کئی انفیکشن سے تحفظ یا ان سے لڑنے‘ میں مدد دیتا ہے۔ یہ تحقیق ’ایوولوشن، میڈیسن اور پبلک ہیلتھ‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہے۔ماہرین نے تنزانیہ میں اس کا جائزہ لیا ہے جس میں ماں اور بچے پر مشتمل 100جوڑے لیے گئے، یہاں مائیں بچوں کو طویل عرصے دودھ پلاتی ہیں جب کہ آبادی کا بہت بڑا حصہ انفیکشن سے متاثر ہوکر طرح طرح کی بیماریوں کا ہدف بنتا رہتا ہے،آزمائشی طور پر سائنسدانوں نے چند ملی لیٹر دودھ لے کر اس میں بیکٹیریا کی معمولی مقدار شامل کی اور اسے ایک رات کے لیے انکیوبیٹر میں رکھ دیا، اس کے بعد انہوں نے انٹرلیوکن 6 نامی امنیاتی خلیات کی سرگرمی دیکھی جو انفلی میشن یا اندرونی جلن بڑھاتے ہیں، یہ عمل شیرخوار بچوں کی آنتوں میں دیکھا جاسکتا ہے تاہم اسے تجربہ گاہ میں انجام دیا گیا تھا۔دوسری جانب ماہرین نے ماں کا دودھ پینے والے بچوں میں انفیکشن کے خطرات کو بھی نوٹ کیا، شیرِ مادر پینے والے بچوں میں سالمونیلا کا انفیکشن بھی کم دیکھا گیا اور باالخصوص سانس کی نالی یا نمونیہ کا خطرہ بھی دیگر بچوں کے مقابلے میں کم تھا،حیرت انگیز طور پر دودھ نے بچوں میں ای کولائی سے متاثر ہونے کی شرح بھی کم کر دی جو ایک عام بیکٹیریا ہے اور بچوں کو کئی بیماریوں کا شکار بناتا ہے۔