لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں مہم کو ملک گیر سطح پر لانچ کرونگی:پرینکا

لکھنؤ:جنوری۔کانگریس جنرل سکریٹری و اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ وہ’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘مہم کو یوپی اسمبلی انتخابات کے بعد ملک گیر سطح پر لانچ کریں گی۔سوشل میڈیا کے ذریعہ یوپی کی خواتین سے تبادلہ خیال کے دوران پوچھے گئے ایک سوال’کیا پارٹی کی یہ مہم صرف یوپی تک محدود رہے گی؟ کے جواب میں پرینکا نے کہا’ ہم نے اس مہم کا آغاز یوپی سے کیا ہے لیکن اسمبلی انتخابات کی تکمیل کے بعد ہم اسے ملک گیر سطح پر لانچ کریں گے۔خواتین کے لئے مساوات ایک اہم مسئلہ ہے اور اسے کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ گذشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی ، سماج وادی پارٹی اور عام آدمی پارٹی نے خواتین کے بارے میں بات کرنا شروع کیا ہے۔اور اس کا سہرہ بذات خود خواتین کے سر بندھتا ہے۔خواتین کو صرف گیس چولہے تک محدود کردینا مناسب نہیں ہے۔وہ ہر سطح پر مساوات چاہتی ہیں۔میں اس مہم کو کمزور نہیں ہونے دونگی اور میں اسے ملکی سطح پر لانچ کرونگی۔خواتین کی باختیاری کی تعریف کرتےہوئے پرینکا نے کہا کہ کچھ روپئے اور گیس سلنڈر فراہم کرنا ان کے حقوق کی حصولیابی نہیں ہے۔کیا خواتین کو سیاسی طور سے باختیار بنایا گیا ہے۔ہمیں انہیں برابری کادرجہ دینے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کہ سیاست میں مردوں کا دبدبہ ہے تو ایسے میں تبدیلی کیسے آئے گی کے جواب میں پرینکا نے کہا’اسی آغاز میں میں 50فیصدی ٹکٹ انہیں دینا چاہتی تھی لیکن کافی غور و خوض کے بعد ہم نے 40فیصدی ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا۔جب خواتین نصف آبادی ہیں تو یہ 50فیصدی ہونا چاہئے لیکن ابھی یہ آغاز ہے۔

Related Articles