لنڈا ایونجلیسٹا: میں ناقابلِ شناخت ہو گئی ہوں

کاسمیٹک طریقے سے ماضی کی سپر ماڈل کا جسم مستقل طور پر بگڑ گیا

لندن،ستمبر۔سپر ماڈل لنڈا ایونجلیسٹا نے کہا ہے کہ چربی کم کرنے کے ایک طریقے کے منفی رد عمل کی وجہ سے ان کا جسم ’مستقل طور پر بگڑ‘ گیا ہے۔56 سالہ سپر ماڈل نے انکشاف کیا کہ پانچ سال قبل انھوں نے ایک علاج کرایا تھا جس کے نایاب کاسمیٹک سائیڈ ایفیکٹس کی وجہ سے ان کے جسم کی چربی کے خلیے کم ہونے کی بجائے مزید بڑھنے لگے۔انھوں نے انسٹاگرام پر اپنے نو لاکھ مداحوں کو بتایا کہ ’میں ناقابلِ شناخت ہو گئی ہوں، جیسا کہ میڈیا نے بیان کیا ہے۔‘ایونجلیسٹا نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ وہ عوام کی نظروں سے اوجھل ہو گئی تھیں۔کینیڈین سپر ماڈل ماڈل نے مزید کہا کہ سلمنگ کے بگڑ جانے والے طریقہ کار کے بعد ان کی ’دو تکلیف دہ اور ناکام، اصلاحی سرجریاں‘ بھی ہو چکی ہیں۔ باڈی کنٹورنگ کہلائے جانے والے علاج کے طریقے کا اثر ان پر بالکل الٹ ہو گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ ’میرے ان فالوورز کے لیے جو سوچتے ہوں گے کہ میں کیوں کام نہیں کر رہی جبکہ میرے ساتھیوں کا کیریئر ترقی کر رہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ (ایک طریقہ کار) نے میرا جسم بری طرح بگاڑ دیا تھا اور اس کا اثر اس (طریقے) کے وعدے کے بالکل برعکس ہوا تھا۔‘انھوں نے کہا کہ طریقے کے سائیڈ ایفیکٹ نے، جس سے وہ گزری ہیں، ’نہ صرف میری روٹی روزی کو تباہ کیا ہے، اس نے مجھے گہری افسردگی، انتہائی دکھ اور خود سے نفرت کی کم ترین سطح پر بھیج دیا ہے۔ اس عمل کے دوران میں دنیا سے کنارہ کش ہو گئی ہوں۔‘اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں سپر ماڈل نے کہا کہ وہ اس لیے اپنی کہانی عوام کو بتانا چاہتی ہیں تاکہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس کمپنی پر مقدمہ کریں گی جو اس کی ذمہ دار ہے۔وہ جس کمپنی کے خلاف دعوے کا سوچ رہی ہیں اس نے ابھی تک اپنا موقف بیان کرنے کی بی بی سی کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ’میں اس طرح جی جی کے بہت تھک گئی ہوں۔ میں اپنے سر اٹھا کر گھر سے باہر نکلنا چاہوں گی، اگرچہ میں پہلے جیسی نہیں لگ رہی ہوں۔‘سرجری کیے بغیر طریقہ کار میں، جو حالیہ برسوں میں تیزی سے مقبول ہوا ہے، جسم کے بعض حصوں میں چربی کی مقدار کو کم کرنے کے لیے سرد درجہ حرارت کا استعمال کیا جاتا ہے۔انھوں نے اس کے ’انتہائی نایاب لیکن سنگین سائیڈ ایفیکٹ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کا مطلب ہے کہ علاج کی جگہ پر چربی کے خلیے چھوٹے ہونے کی بجائے بڑے ہو جاتے ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ مکمل طور پر سمجھ میں نہیں آیا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔‘ایونجیلسٹا 1990 کی دہائی میں شہرت حاصل کرنے والے ابھرتے ہوئے سپر ماڈلز کے گروپ میں سے ایک تھیں، جو دنیا بھر میں فیشن شوز میں کیٹ واک کرتی تھیں اور معروف فیشن میگزین ووگ ک سرورق پر بھی آئی تھیں۔انھوں نے جارج مائیکل کے میوزک ویڈیو میں بھی ناؤمی کیمپبل، سنڈی کرافورڈ اور کرسٹی ٹرلنگٹن کے ساتھ حصہ لیا تھا۔گوینتھ پالترو اور سٹائلسٹ کارلا ویلچ سمیت مشہور ستاروں نے ایونجلیسٹا کی پوسٹ کے نیچے تبصروں میں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے، اسی طرح ڈیزائنر جیریمی سکاٹ اور برینڈن میکس ویل نے بھی ان کی حمایت کی۔سکاٹ لکھتے ہیں کہ ’آپ ایک سپر ماڈل ہیں اور ہمیشہ رہیں گی، اب آپ اپنے شاندار ریزیومے (سی وی) میں ہمت کی سپر رول ماڈل کا بھی اضافہ کر رہی ہیں۔‘ جبکہ پالترو نے ایک سرخ دل کی ایموجی کو پوسٹ کیا۔میکس ویل نے پوسٹ کیا: ’میں نے ہمیشہ آپ کو ایک ایسے شخص کے طور پر جانا ہے جو جسمانی طور پر خوبصورت تھا، ہاں، لیکن اس سے بھی اہم یہ ہے کہ آپ نے اپنے آپ کو واقعی اندر سے بھی روشن دکھایا ہے۔۔۔ اپنے تاریک ترین لمحات میں بھی آپ اس روشنی کو کبھی نہ بھولیں جس کی چنگاری آپ نے بہت سے لوگوں میں جلائی ہے، اور اسے جاری رکھا ہے۔‘ان کی ہم عصر ماڈل کیرن ایلسن نے کہا: ’پیاری لنڈا۔ میں تم سے بہت زیادہ پیار کرتی ہوں، تم بہت بہادر اور قابلِ تعریف ہو۔‘

Related Articles