لندن: اگست 2020 کے بعد پہلی مرتبہ ہوا میں آلودگی میں اضافے کی وارننگ

لندن ،مارچ۔ وہائٹ ہال کی جانب سے لندن میں اگست 2020 کے بعد پہلی مرتبہ ہوا میں آلودگی میں اضافے کی وارننگ دی گئی ہے۔ لندن کے میئر صادق خاں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت میں مقامی آلودگی کے ساتھ دوسرے براعظم سے بھی آلودگی آرہی ہے۔ امپیریل کالج لندن نے پیشگوئی کی ہے کہ بدھ کو مزید آلودگی دارالحکومت میں داخل ہوگی۔ صادق خان نے کہا ہے کہ آلودگی میں اضافے کی لہر جمعرات تک قائم رہے گی۔ صادق خان نے آلودگی پر قابو پانے کیلئے کام کی جگہ پارکنگ پرٹیکس لگانے اور لندن کے ریڈ روٹس، جو لندن کی 5 فیصد سڑکوں پر محیط ہے لیکن جس پر لندن کی 30 فیصد ٹریفک چلتی ہے، کی مانیٹرنگ کرنیکی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ زہرآلودگی لندن کے شہریوں کیلئے بہت خطرناک ہے اور میں اس پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ لندن کے عوام کو اس آلودگی سے بچانا بہت ضروری ہے۔ لندن میں لیڈ والا پیٹرول استعمال کرنے پر گزشتہ 22 سال سے پابندی عائد ہے لیکن لندن کی فضا میں اب بھی لیڈ موجود ہے۔ میئر نے لندن کے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پیدل چلیں، سائیکل استعمال کریں یا پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کریں اور غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ جنوری میں میئر نے ٹریفک انفارمیشن کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا تھا کہ گزشتہ سال لندن دنیا کا سب سے زیادہ گنجان شہر قرار دیا گیا تھا۔ صادق خان نے کہا کہ جب تک پائیدار مستقبل کیلئے مزید اقدامات نہیں کئے جاتے، شہر میں عوام کی صحت کا بحران پیدا ہوجائے گا۔

Related Articles