لندن انڈر گراؤنڈ عملہ کی ہڑتال

ٹیوب نیٹ ورک شدید متاثر ہونے سے مسافروں کو پریشانی

لندن،جون۔ لندن انڈر گرائونڈ کے عملہ کی ہڑتال کے سبب گزشتہ روز ٹیوب نیٹ ورک شدید متاثر ہوا اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، آر ایم ٹی یونین کے چار ہزار ارکان نے اسامیوں کی کٹوتیوں اور پنشن کے تنازع پر ہڑتال کی تھی۔ سینٹرل لندن کے بیشتر اسٹیشن بند رہے اور مسافروں کو یہ ہدایت دی جاتی رہی کہ وہ انڈر گرائونڈ میں سفر کرنے سے گریز کریں، یونین نے ہڑتال کے لیے پیر6جون کا انتخاب کیا تھا، جب لندن میں چار روزہ پلاٹینم جوبلی کی تقریبات ختم ہونے کے بعد لوگ کام پر واپس لوٹے تھے، ٹیوب اسٹیشن بند ہونے کے سبب لوگوں نے بس سے سفر کو ترجیح دی اور بس اسٹاپ پر مسافروں کی طویل قطاریں نظر آئیں، واضح رہے کہ اپریل میں بھی انڈر گرائونڈ کے ورکرز نے دو ہڑتالیں کی تھیں اور ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق ان ہڑتالوں کے سبب13ملین پائونڈ کا نقصان ہوا تھا، گزشتہ روز پیر کو ہڑتال کے سبب سرکل، وکٹوریہ اور واٹر لو اینڈ سٹی لائنز مکمل طور پر بند رہیں جبکہ دیگر لائنز10سے20منٹ کے وقفہ سے چلتی رہیں اور ٹرینوں پر مسافروں کا شدید رش رہا جب کہ ڈائوننگ اسٹریٹ نے انڈر گرائونڈ پر شدید مایوسی کا اظہار کیا، ہڑتال کے سبب پیر کو مسافروں کو کام پر پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا رہا اور اکثریت تاخیر سے اپنے دفاتر پہنچی، ٹرانسپورٹ فار لندن کا کہنا ہے کہ پنشن کے حوالے سے شرائط یا ضوابط کا کوئی منصوبہ پیش نہیں کیا گیا ہے جب کہ5سے6سو خالی ہونے والی اسامیوں پر بھرتی نہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے، اس طرح کسی بھی ورکرز کی نوکری کو خطرہ نہیں جب کہ آر ایم ٹی یونین نے اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ مجوزہ تجاویز کے تحت ورکنگ معاہدوں کو توڑ دیا جائے گا جس سے پنشن کو خطرہ لاحق ہے۔ یونین کے جنرل سیکرٹری مک لنچ نے کہا ہے کہ وہ مسائل کے حل کے لیے میئر لندن صادق خان سے روبرو ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ہڑتال منگل کی صبح8بجے تک چلے گی، جس سے منگل کی صبح بھی کام پر جانے والوں کو مشکلات پیش آئیں گی۔

Related Articles