لالو یادو کی طبیعت بگڑ ی، اسپتال میں داخل

پٹنہ جولائی ۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انہیں آج علی الصبح اسپتال میں داخل کرایا گیا۔آر جے ڈی ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ مسٹر یادو کو کل دیر رات طبیعت بگڑنے کے بعد علاج کے لئے آج علی الصبح ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مسٹر یادو کے بلڈ شوگر کی سطح بڑھ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسٹر یادو کے چھوٹے بیٹے تیجسوی پرساد یادو نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا ہے۔واضح ہو کہ مسٹر یادو اتوار کی شام سابق وزیر اعلیٰ اور اہلیہ رابڑی دیوی کی 10 سرکلر روڈ سرکاری رہائش گاہ پر سیڑھیوں سے گر گئے تھے۔ جس کی وجہ سے ان کے کندھے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ ڈاکٹروں نے کچے پلاسٹر سے ان کا علاج کیا اور ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا۔ ان کی کمزور ہڈیوں کے پیش نظر انہیں صرف پلاسٹر (کنزرویٹیو آپریشن) کرکے آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں وہیل چیئر کی مدد سے حرکت کرنے کو کہا گیا ہے۔وہ پہلے ہی گردے، شوگر (ذیابیطس) سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

Related Articles