قومی جنگی یادگار کی تیسری سالگرہ پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

نئی دہلی، فروری۔قومی جنگی یادگار کی تیسری سالگرہ پر جمعہ کو یہاں سکریٹری دفاع اجے کمار، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل وی آر چودھری اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے شکرگزار قوم کی جانب سے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 25 فروری 2019 کو قومی جنگی یادگار کو قوم کے نام وقف کیا تھا۔ یہ آزادی کے بعد سے ملک کے لئے جان کی بازی لگانے والے بہادر فوجیوں کی قربانی کی علامت ہے۔ یادگار پر روشن اکھنڈ جیوتی فوجیوں کی لازوال قربانی کی علامت ہے۔ قومی جنگی یادگار کے افتتاح کے بعد سے تمام قومی دنوں پر یہاں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جاتاہے۔اس موقع پرفوجیوں کے بینڈ نے روہنی کے وی ایس پی کے انٹرنیشنل اسکول کے ساتھ قومی یادگار پر اپنی دھنوں سے ماحول کو حب الوطنی سے بھرپور بنا دیا۔ شام کو شہداء کے اہل خانہ یادگار پرحاضر ہوکر ملک کے بہادرسپوتوں کو گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔وزارت دفاع نے حال ہی میں فیصلہ کیا تھا کہ مختلف اسکولوں کے بینڈ نیشنل وار میموریل کا دورہ کریں گے اور پرفارم کریں گے۔ اس سے اسکول کے طلباء میں حب الوطنی، فرض شناسی، ہمت اور قربانی کا جذبہ پیدا ہوگا۔اس کڑی میں غازی آباد واقع شری ٹھاکردوار بالیکا ودیالیہ نے سب سے پہلے جمعرات کو قومی جنگی یادگار پر اپنی بینڈ پرفارمنس دی۔

Related Articles