فلپائن میں نالگے طوفان سے 98 افراد ہلاک
منیلا، اکتوبر۔فلپائن میں ہفتے کے آخر میں آنے والے تباہ کن نالگےطوفان سے کم از کم 98 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طوفان کی وجہ سے ملک کے کئی حصوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ حکومت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ نیشنل کونسل فار ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ 58 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ دیگر 40 کی شناخت کی جا رہی ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ رپورٹ کئے گئے 63 لاپتہ میں سے 25 کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ دیگر 38 کی شناخت کی جا رہی ہے۔ایجنسی نے کہا کہ 53 اموات جنوبی فلپائن میں مسلم منڈاناؤ (بی اے آر ایم ایم ) کے بنگساموروخودمختار علاقے میں ہوئیں۔اس کے ساتھ ہی دیگر ہلاکتیں وسطی فلپائن کے مرکزی جزیرے لوزون کے نو علاقوں اور جنوبی فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ کے دیگر علاقوں میں ہوئی ہیں۔ایجنسی نے کہا کہ نالگے طوفان سے 10.8 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ 364 سڑکوں اور 82 پلوں کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثرہوئی۔