غیر مقامی مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگز میں کشمیریوں کا ہاتھ نہیں: فاروق عبداللہ
سری نگر، اکتوبر۔نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وادی کشمیر میں غیر مقامی مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگز کا مقصد کشمیریوں کو بدنام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹارگٹ کلنگز میں کشمیریوں کا ہاتھ نہیں ہے اور یہ کشمیریوں کے خلاف ایک سازش ہے۔ فاروق عبداللہ نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا: یہ بہت افسوس ناک بات ہے کہ بے گناہوں کو مارا جا رہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک سازش کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: بے گناہوں کی ان ہلاکتوں کا مقصد ہمیں بدنام کرنا اور ماحول کو خراب کرنا ہے۔ اس میں ہمارا ہاتھ نہیں ہے۔ اس میں کشمیریوں کا ہاتھ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر کے سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں ہفتے کی شام ٹارگٹ کلنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو غیر مقامی مزدور مارے گئے۔ قبل ازیں پانچ اکتوبر کو نامعلوم بندوق برداروں نے سری نگر کے لال بازار علاقے میں ایک غیر مقامی پانی پوری بیچنے والے کو سر عام قتل کر دیا تھا۔ فاروق عبداللہ نے نئی دہلی میں نومبر میں امکانی طور پر افغانستان پر ہونے والی قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح کے مذاکرات، جن میں پاکستان کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے، کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: جو بھی راستہ دوستی کی طرف لے جائے وہ اچھا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں میں دوستی ہو۔ ہمیں سکون کی زندگی میسر ہو۔